امریکی ڈالر اور سونے کی قیمت میں کمی

کراچی: پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تنزلی دیکھی گئی جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بینک دولت پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 48 پیسے سستا ہوا اور قدر میں 176 روپے کی حد گرگئی۔ کاروبار کے اختتام پر امریکی کرنسی کی قیمت 176 روپے 20 پیسے سے کم ہوکر 175 روپے 72 پیسے ہوگئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 257.67 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45072.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.57 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جب کہ 26 کروڑ 67 لاکھ 9 ہزار 742 شیئرز کا لین دین ہوا۔

دوسری جانب ملک میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 1200 روپے کم ہوئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 1794 ڈالر فی اونس پر برقرار ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1200 روپے کمی کے بعد ملک میں 24 قیراط کے ایک تولہ سونے کی قدر ایک لاکھ 22 ہزار 600 روپے ہوگئی۔ 10 گرام سونے کے دام 1028 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 5110 روپے ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔