ڈالر 33 پیسے اور سونا فی تولہ 4500 روپے مہنگا

کراچی: ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 33 پیسے کے اضافے سے 226.15 روپے کی سطح پر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 235 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان جاری رہی، جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 226 روپے سے بھی تجاوز کرگئے جب کہ اوپن ریٹ 235 روپے ہوگیا۔ کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈیمانڈ برقرار رہنے سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 226.50 روپے کی سطح پر بھی آئے۔
معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات طول اختیار کرنے اور انفلوز کا کوئی راستہ نظر نہ آنے سے یومیہ بنیادوں پر مالیاتی بحران کی شدت بڑھنے کے باعث منگل کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت بالترتیب 4500 روپے اور 3858روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12ڈالر کے اضافے سے 1810ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 182700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 156636 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کے اضافے سے 2050روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے کے اضافے سے 1757.54 روپے کی سطح پر آگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔