کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 165 رنز جوڑ لیے

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جواب میں کیوی ٹیم نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 165 رنز جوڑ لیے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے شاندار آغاز کیا۔ ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور اسپن بولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہ مل سکی۔
قبل ازیں، دوسرے روز پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔
آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیوی کپتان ٹم ساؤتھی نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ ایش سودھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر نیل واگنر کے حصے میں ایک ہی وکٹ آئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔