یوم دفاع پر بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں پُروقار تقریب

کراچی: یوم دفاع کے موقع پر بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں بلوچستان اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن اور دیگر طلبا و طالبات نے شرکت کی اور افواج پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کیے۔


بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل وارفیئر کے دور میں جی رہے ہیں، ہمارے دشمن سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا کرکے جھوٹ کو سچ بناکر پیش کرتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم ہر خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بلوچ محب وطن ہیں، ہم اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


اسٹوڈنٹ ایڈوائزر حبیب بلوچ نے پروگرام کی میزبانی کی اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بلوچ طالب علم پاکستان کا فخر ہیں۔ لیاری کے طالب علم بہت زیادہ ہونہار اور محنتی ہیں۔ ہمارے طالب علم سوشل میڈیا پر پاکستان آرمی کے خلاف ہونے والے ہرغلط پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔


مشہور کالم نویس اور وائس آف سندھ کے سینئر نمائندے، احسن لاکھانی نے نوجوان طلباء کی ذہن سازی کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کی مکاری کو سمجھنے کے لیے چانکیہ کو پڑھنا ضروری ہے، موجودہ مودی سرکار اسی کے نقش قدم پر چل رہی ہے لیکن اسے یہ اندازہ نہیں کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنا، اس سے دشمنی کرنا چانکیہ کے فلسفے کی موت ہے، مودی سرکار بھارت کو تباہ کرنے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنا مودی کشمیر کے ایشو پر توجہ ہٹانے کی کوشش کرے گا، اتنا ہی دنیا کے سامنے یہ مسئلہ ابھر کر آئے گا۔


پروگرام کے آخر میں لیاری کے طلبا نے پاکستان افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ تمام شرکا نے پاکستان آرمی اور کشمیر کے حق میں نعرے بلند کیے اور مل کر عزم کیا کہ بھارت کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔