رافیل سے فرق نہیں پڑتا، اصل شے جذبہ اور ٹریننگ ہے: مقررین

کراچی: پاک بھارت جنگ میں رافیل سے فرق نہیں پڑتا، اصل شے ہمارا جذبہ اور تربیت ہے، آزادی کی قیمت ہوتی ہے، امن کے پیچھے قربانیاں ہیں، اگر جنگوں میں قربانی پیش کرنے والے نہ ہوتے، تو ہم آج آزاد نہ ہوتے، ان خیالات کا اظہار وائس آف سندھ کے زیر اہتمام ڈیفنس اینڈ ڈپلومیسی کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیمینار میں دفاعی تجزیہ کاروں اور سیکیورٹی ماہرین نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق وائس آف سندھ کا سیمینار اقرا یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں منعقد ہوا، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں مقررین نے خطاب کیا۔

پی اے ایف کیٹ کے وائس چانسلر، ایئر مارشل مرزا ظفر حسین نے کہا کہ ٦۵ کی جنگ کے پیچھے ہماری ٹریننگ اور جذبہ تھا، اس ٹریننگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، ملک نے ہمیں سہولیات فراہم کیں، بھارتی رافیل سے فرق نہیں پڑتا، اصل شے ہمارا جذبہ اور ٹریننگ ہیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی، مقصود میمن کا کہنا تھا کہ آزادی کی قیمت ہوتی ہے، آج جو امن ہے، اس کے پیچھے کئی خاندانوں کی قربانی ہے، سیکیورٹی ادارے مسلسل کام کر رہے ہیں، سندھ پولیس نے بھرپور جنگ لڑی، اسٹاک ایکسچینج حملہ ناکام بنایا۔

سابق سفارت کار کیپٹن (ر) جمیل احمد خان نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار اور بائبرڈ وار کا مقصد منفی سوچ پیدا کرنا ہے، میں جنگوں میں قربانی پیش کرنے والوں کو سلام کرتا ہوں، اگر وہ نہ ہوتے، تو ہم آج آزاد نہ ہوتے۔
وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی، اللہ کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمارے ڈی این اے کو جنگ جیتنے کے لیے پروگرام کیا ہے، ہم نے عالمی طاقتوں کو شکست دی، اگر ہم آئین اور قومی ترانہ سمجھ لیں، تو ترقی کا راستہ خود ہی نکل آئے گا۔

معروف ماہر تعلیم، سیاست داں اور وائس آف سندھ کے پیٹرن ان چیف، حنید لاکھانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن کی تعداد نہیں، جذبہ ایمانی اصل شے ہے، آج کے دور میں ٹیکنالوجی کی خصوصی اہمیت ہے، جنگوں میں اس کا کردار خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے، اس ضمن میں ہمیں باخبر رہنا ہوگا۔
تقریب کے آخر میں ممتاز بزنس مین اور سماجی کارکن، عقیل کریم ڈھیڈی، حنید لاکھانی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر، عمیر ہارون نے مندوبین میں خصوصی شیلڈز تقسیم کیں۔
سیمینار کے دوران ڈاکٹر عمیر ہارون کی خصوص پیش کش ڈارک روم تھیٹر بھی پیش کیا گیا، جس میں ساجد حسن اور راشد فاروقی جیسے منجھے ہوئے اداکاروں اور عمر خیام نے مرکزی کردار نبھائے، پلے کو حاضرین کی جانب سے سراہا گیا۔ تقریب کی نظامت ناجیہ میر نے کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔