بجلی بلوں میں تاجروں سے ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: تاجر برادری کے لیے خوش خبری، حکومت کی جانب سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، حکومت نے تاجروں سے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق تاجروں کے بجلی کے بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت کے کہنے پر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بجلی بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی سے سالانہ 30 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہونا تھا تاہم اب 30ارب روپے کا اضافی ٹیکس دوسرے شعبوں پر مزید ٹیکس لگاکر پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے شعبوں پر ٹیکس صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لگایا جائے گا۔
بجلی بلوں میں ٹیکس عائد کرنے پر ملک بھر میں تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔ اس حوالے سے شدید احتجاج اور مظاہرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے 6 ہزار روپے ٹیکس وصولی پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا تھا، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیکس واپس لینے کی اپیل کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔