کورونا وبا کے وار جاری، 137 جاں بحق، 5445 نئے مریض!
اسلام آباد: کورونا وبا کے باعث آج 137 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ قریباً ساڑھے 5 ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار 2 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 11,272,53 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 445 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 766,882 ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 73 ہزار 466، پنجاب میں 2 لاکھ 73 ہزار 566، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 7 ہزار 309، اسلام آباد میں 70 ہزار 609، بلوچستان میں 21 ہزار، آزاد کشمیر میں 15 ہزار 741 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 191 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 83 ہزار 298 ہے جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 137 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 453 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 286 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی تعداد 667,131 ہوگئی۔