بابر کو تیز ترین 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کے اعزاز کیلیے 60 رنز درکار

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے 2 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں۔
قومی کپتان اگر زمبابوے کے خلاف سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دے دیتے ہیں تو وہ تیزترین 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔
بابراعظم اب تک 49 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے۔ محدود ترین فارمیٹ میں تیز ترین 2 ہزار رنز کا سنگ میل بھارت کے ویرات کوہلی نے 56 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں عبور کیا تھا۔
یہی نہیں بابراعظم دنیا کے 11ویں بیٹسمین ہوں گے جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2 ہزار رنز بنائیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچوں میں 52.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 210 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کے خلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے سیریز کے تیسرے میچ میں سنچری بھی اسکور کی تھی۔
بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ فارم کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
فی الحال عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے جب کہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 262 ہے۔ اگر پاکستان زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز جیت جاتا ہے تو اسے ایک پوائنٹ ملے گا تاہم سیریز کا ایک میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو دو پوائنٹس گنوانے پڑیں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں جیت پاکستان کے نام رہی۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔