مکمل لاک ڈاؤن سے بچنے کیلیے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 22 سے 28 اپریل تک صوبے میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 10.75 فیصد رہا جب کہ حیدرآباد 20 فیصد، سکھر 9.48 فیصد اورباقی اضلاع میں 2.79 فیصد ہے۔
مُراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ صورت حال اچھی نہیں ہے اور اس پر سخت اقدامات کرنے ہوں گے، کاروبار کے اوقات کار کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کاروبار کے اوقات کے معاملے پر ناصر شاہ، سعید غنی اور اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے کر سخت اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مکمل لاک ڈاؤن سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، کچھ نجی دفاتر ایس او پیز اور اسٹاف کم کرنے کے فیصلے پر عمل نہیں کررہے، ایسے دفاتر کو سیل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹ پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں سے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کا سندھ میں داخلہ منع ہے، اگر کسی صوبے سے کوئی مسافر گاڑی آبھی گئی تو واپس جانے نہ دیں۔