بھارت میں کورونا کے قہر، کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ!

ممبئی: بھارت میں کورونا وبا قہر ڈھارہی ہے، ایک دن میں ریکارڈ 3 لاکھ 80 ہزار کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔
پڑوسی ملک بھارت میں کورونا وبا کی شدت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3 لاکھ 80 ہزار مریض رپورٹ ہوئے، یہ تعداد روزانہ کی بنیاد پر سب سے زیادہ کورونا کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے امریکا میں روزانہ دو لاکھ 97 ہزار کورونا کیسز کا ریکارڈ تھا۔
کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں مزید تین ہزار 625 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
اسپتالوں میں صورت حال اب تک بدتر اور سہولتوں کا فقدان ہے جب کہ آکسیجن سلنڈر اور ادویہ بھی بلیک مارکیٹ میں بک رہی ہیں۔
بی جے پی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا ویکسی نیشن پروگرام جاری ہے لیکن صورت حال اس کے برعکس ہے کیونکہ اب تک صرف 10 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ نے بھارت کو 3 موبائل آکسیجن فیکٹریاں دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ روس نے بھی طبی امداد کی پہلی کھیپ بھارت بھیج دی ہے جس میں آکسیجن جنریٹر اور وینٹی لیٹرز شامل ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔