کورونا وبا: 3138 نئے مریض، 56 جاں بحق!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 46 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ ایک دن میں اس وائرس سے 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار 202 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 59 لاکھ 6 ہزار 146 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 138 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 280 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 89 ہزار 687، پنجاب میں ایک لاکھ 25 ہزار 250، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 762، اسلام آباد میں 33 ہزار 695، بلوچستان میں 17 ہزار 604، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 517 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 765 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 46 ہزار 376 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 575 کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 56 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 603 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 30 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 301 ہوگئی ہے۔