بھارت کے جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کا انکشاف!

اسلام آباد: بھارت کے جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان کو بدنام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ای یو ڈس انفولیب کی تحقیق کے مطابق ’’ای یو کرانیکل ویب سائٹ‘‘ بھارتی پروپیگنڈا مہم میں نیا اضافہ ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بہت سے کالم یورپی قانون سازوں اور صحافیوں کے ناموں سے غلط طور پر منسوب کیے جاتے ہیں، ایسے صحافی جو بظاہر موجود نہیں۔ پاکستان مخالف مواد کو دوسری ویب سائٹوں سے لے کر اسے بھارت میں دوبارہ شائع کیا جاتا ہے۔
بھارتی ادارہ سری واستو(Srivastava) ای یو کرانیکل ویب سائٹ کی پشت پناہی کررہا ہے۔ یہ تنظیم بھارتی مفادات کو آگے بڑھاتی ہے جب کہ پاکستان اور چین کے خلاف منفی مواد کی تشہیر میں ملوث ہے۔
ای یو ڈس انفولیب کے مطابق بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی ’’ای یو کرانیکل ویب سائٹ‘‘ کے مواد کی اپنے ملک میں تشہیر کرتی ہے، جسے بزنس ورلڈ میگزین اور دیگر تشہیری ادارے دوبارہ شائع کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے پاکستان مخالف بیانیے کو بھارت اور یورپی یونین میں فروغ دیا جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ’’ای یو کرانیکل ویب سائٹ‘‘ کا اہم ہدف برسلز نہیں بلکہ بھارتی تشہیری ادارے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر مرکزی دھارے میں شامل بھارتی اشاعتی اداروں کے لیے معلومات کے ذریعے کا کام کرتی ہے۔
ای یو ڈس انفولیب کے مطابق ای یو کرانیکل، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی فورم، احباب گلگت بلتستان تنظیم اور(WESTT) کے ناموں سے کام کرنے والے سماجی اداروں کو منظم کرتا ہے جو یورپی پارلیمنٹ میں بھارتی اثرورسوخ کو بڑھاوا دینے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس کا مقصد یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر پر بھارتی موقف کو آگے بڑھانا ہے۔
ای یو ڈس انفولیب نے ’’ای یو کرانیکل‘‘ کو انڈین کرانیکل آپریشن کا نام دیا ہے۔ ای یو ڈس انفولیب کی تحقیق کے مطابق بھارت 15سال سے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کو غلط مواد کی تشہیر کے ذریعے گمراہ کررہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔