کورونا وائرس میں اب تک 122 تبدیلیاں آچکی ہیں

کراچی: کورونا وائرس بہت تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور اب تک اس میں 122 بار تبدیلیاں آ چکی ہیں، یہ بات کراچی ریسرچ سینٹر کے ڈاکٹر اقبال چوہدری نے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ خطرناک وائرس مستقل تبدیل ہورہا ہے اور وائرس میں ہر مہینے تبدیلیاں ہورہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں اب تک 122 تبدیلیاں ہو چکی ہیں، وائرس میں 32 تبدیلیوں کا اثر چین کے شہر ووہان کے وائرس سے مختلف ہے۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ وائرس میں 30 ہزار مالیکیولز ہیں جو فٹ بال کی طرح جڑے ہوئے ہیں، مالیکیول انسانی خلیے سے مل کر انفیکشن کو بڑھاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس پر تحقیق کے لیے پورے ملک سے سیمپل لیے گئے، جنوبی افریقا اور برطانیہ میں وائرس کی دو مختلف اقسام دیکھنے میں آئیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث اب تک پاکستان میں ساڑھے 10 ہزار 900 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جس میں سے 3769 افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔