کورونا سے مزید 63 افراد جاں بحق، 2260 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وبا سے ایک دن میں 63 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 9 ہزار سے زائد افراد اس جان لیوا وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 909 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 65 لاکھ 23 ہزار 842 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 260 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 69 ہزار 482 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 9 ہزار 429، پنجاب میں ایک لاکھ 35 ہزار 141، خیبر پختونخوا میں 56 ہزار 875، اسلام آباد میں 36 ہزار 981، بلوچستان میں 18 ہزار 61، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 148 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 847 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 39 ہزار 177 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار 357 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 9 ہزار 816 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 531 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 489 ہوگئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔