چین کا افغانستان کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

کابل: چین نے افغانستان کے لیے بڑی امداد کا اعلان کردیا۔ طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے چین کے ایلچی وانگ یو نے ملاقات کی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد کا اعلان کیا۔
امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر اللہ متقی سے افغانستان کے لیے چین کے خصوصی ایلچی وانگ یو نے اہم ملاقات کی۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں چین کے ایلچی برائے افغانستان وانگ یو نے نئی حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چین کے ایلچی نے کورونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی مالی امداد کی فراہمی سے آگاہ کیا۔
ترجمان طالبان کے مطابق ملاقات کے دوران چین کے خصوصی ایلچی نے افغانستان کے ساتھ انسانی، معاشی، سیاسی تعاون اور تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے چین کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے۔
خیال رہے کہ 8 ستمبر کو چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان، ایران اور تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے ہم منصبوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران افغان شہریوں کے لیے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی مالی امداد کی پیشکش کی تھی جو غذائی قلت اور کورونا وبا پر خرچ کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔