رحیم یار خان میں مندر پر حملہ، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

کراچی: چیف جسٹس گلزار احمد نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں مندر پر حملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی اور پیٹرن انچیف پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں مندر پر حملے کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے افسوس ناک واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔
سپریم کورٹ کے مطابق مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے معاملے کی سماعت 6 اگست بروز جمعہ سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقرر کردی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس گلزار احمد نے ‘چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب کو رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن انچیف اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہندو مندر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس معاملے کی تحقیقات کر کے مجرمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے پاکستان کا آئین اقلیتوں کو آزادی اور تحفظ فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی عبادت کو آزادانہ طور پر انجام دے سکیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔