چیئرمین نیب آفتاب سلطان عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: نیب کے سربراہ آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔
چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کرسکتے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان پر کچھ گرفتاریوں کے لیے دباؤ تھا، لیکن انہوں نے گرفتاریوں سے انکار کردیا۔
اس ضمن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفیٰ دیا تھا، مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔
آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے بتایا کہ میں شرائط کے ساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے، ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔
آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 میں نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔