نئی بلّی وائٹ ہاؤس میں کیسے راج کررہی ہے؟

واشنگٹن: امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کو اپنی محبوب بلّی کی یاد ستانے لگی جس کے بعد اس بلّی کو فارم ہاؤس سے وائٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں دندناتی پالتو بلّی کو بھی اپنی اہمیت کا احساس ہے اس لیے وہ کہیں بھی اور کبھی بھی چہل قدمی کرتی پہنچ جاتی ہے۔ یہ اعتماد اس پالتو بلّی کو اس لیے حاصل ہوا کیوں کہ وہ امریکی صدر کی اہلیہ جِل بائیڈن کی چہیتی بلّی ہے۔
اس بلّی کی عمر دو سال ہے اور یہ پہلی بار جِل بائیڈن کو ریاست پنسلوینیا میں 2020 کو اپنے آبائی شہر ’وِلو گروو‘ میں ملی تھی اور اسی لیے بلّی کا نام بھی وِلو رکھا گیا ہے۔ اس بلّی نے انتخابی مہم کے دوران اسٹیج پر چھلانگ لگا کر جِل بائیڈن کو اپنی طرف متوجہ کرلیا تھا۔

ایک فارم ہاؤس میں رہنے والی اس بلّی کی یہ حرکت جِل بائیڈن کو بھا گئی اور دونوں کے درمیان قربتیں بڑھنے پر فارم ہاؤس کے مالک نے بلّی بائیڈن خاندان کو دیدی تھی تاہم اب تک وہ فارم ہاؤس میں ہی رہ رہی تھی۔
گزشتہ برس اپریل میں جِل بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ بہت جلد ایک مادہ بلّی ان کے خاندان کا حصہ بنے گی تاہم اب طویل انتطار کے بعد وائٹ ہاؤس میں بائیڈن خاندان کی پالتو بلّی کو متعارف کرا دیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر جارج بش کے دور میں بھی وائٹ ہاؤس میں ایک بلی مقیم تھی جس کا نام انڈیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔