کالعدم تنظیم سے عسکری تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکری تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کالعدم تنظیم بلیک میل کرنے کی جرأت نہ کرے، اب اس کو سیاسی نہیں عسکری تنظیم سمجھا جائے گا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیم مذہبی جماعت نہیں، جس طرح باقی دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا آپ دیکھیں گے ان کا بھی ہوگا جب کہ ہم نہیں چاہتے کہ لوگوں کا خون بہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان میں ایک کلاس ہے جن کو خون بہنے سے فرق نہیں پڑتا، دودنوں میں تین پولیس اہلکارشہید اور49زخمی ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکری تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ریاست نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیم کوشکست دی ہے، پہلے چھ دفعہ تماشا لگ چکا اور ریاست نے بڑے صبر کا مظاہرہ کیا جب کہ اب ہم ان کو ایک سیاسی جماعت کے طور پر ٹریٹ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کی کوئی حیثیت نہیں، کوئی بھی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے، اگر ایسا ہوگا تو پھر تو ریاست ختم ہوجائے گی، آج واضح فیصلہ کیا گیا ہے کسی کو ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو بندوق کے زورپربات منوانے کا حق نہیں دے سکتے، یہ کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز چلائی جارہی ہے، ریاست کے صبر کی کوئی حد ہوتی ہے، کالعدم تنظیم مذہبی جماعت نہیں بلکہ ایک عسکریت پسند گروپ ہے، یہ ریاست کی عزت کا سوال ہے فیک نیوز کو برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام اداروں کا فرض ہے کہ اپنا کردار ادا کریں جب کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔