سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سنادیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شیخ رشید این اے 60 اور این اے 62 کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر دستخط کے لیے درخواست دائر کرسکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔
جج نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا، آپ کے مطابق شیخ رشید عمران خان کے قتل کی سازش کا حصہ نہیں؟ اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا وہ جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، شیخ رشید کا بیان نشر ہونے سے دو روز قبل ہی مقدمہ درج ہوگیا تھا۔
شیخ رشید کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کے سامنے بھی قتل ہوجائے تو مقدمہ اتنی جلدی درج نہیں ہوتا، پولیس نے خود انکوائری کی اور مقدمہ بھی درج کردیا، پولیس کو چاہیے تھا کہ شیخ رشید کا موقف لیتی اور اس پر قتل کی سازش کے حوالے سے تفتیش کرتی، لیکن الٹی گنگا بہہ گئی، عمران خان کا بیان حقیقت پر مبنی ہے، عمران خان کے خلاف قتل کی سازش ہورہی جس پر مقدمہ نہیں بنایا جارہا، البتہ آصف زرداری کی بدنامی پر مقدمہ درج کردیا گیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس کو کچھ برآمد نہیں ہوا، مقدمہ صرف سیاسی انتقام لینے کے لیے درج کیا گیا ہے، شیخ رشید سے اب کوئی تفتیش کی ضرورت نہیں، اس لیے ان کی ضمانت منظور کی جائے، ہائی کورٹ نے بھی فیصلے میں مزید کسی کارروائی سے روک دیا ہے۔
جج کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے اسپتال میں وزیر داخلہ کے خلاف بیان دیا، کیا شیخ رشید کے الزامات سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ نہیں؟
وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے متعلقہ درخواست کو معطل کرچکی ہے، شیخ رشید نے دوران حراست بیان دیا اور دوران حراست بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔
پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ شیخ رشید دوران حراست اپنے جملوں سے بار بار مقدمے میں لگی دفعات کے مرتکب ہوتے رہے، شیخ رشید کی جانب سے عمران خان کو قتل کرانے کا آصف زرداری کا بیان چھوٹا نہیں، آصف زرداری اور عمران خان کے بہت زیادہ فالوورز ہیں، شیخ رشید دو بڑے سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان سے سوسائٹی میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے، ہائی کورٹ نے صرف سمن کو معطل کیا تھا، شیخ رشید بہت مشکل سے گرفتار ہوئے، ضمانت ملی تو بھاگ جائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔