امریکی بحریہ کے جہاز میں دھماکا و آتشزدگی، 21 افراد شدید زخمی

کیلی فورنیا: امریکا کے شہر سان ڈیاگو کے بحری فوجی اڈے پر کھڑے امریکی بحریہ کے جہاز میں دھماکے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 21 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے بیس میں امریکی بحریہ کے جہاز میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی۔ تیزی سے پھیلتی آگ نے جہاز کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی نوعیت اور وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
دھماکے کی آواز سنتے ہی ریسکیو ادارے متحرک ہوگئے، فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جہاز سے 21 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 17 امریکی بحریہ کے اہلکار ہیں، 3 اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
امریکی بحریہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بحری فوجی اڈے پر جہاز کی مرمت کی جارہی تھی کہ اچانک دھماکا ہوگیا، دھماکے میں ہلاکتیں نہیں ہوئیں تاہم 21 اہلکار اور شہری زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی وجوہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔