پاکستان کشمیر کی آزادی تک اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج یوم شہداء کشمیر پر ہم کشمیریوں کو غیر قانونی اور وحشیانہ بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں، 13 جولائی 1931 کے شہدا آج کے کشمیری مزاحمت کاروں کے آباو اجداد تھے، ان کی اولاد نے نسل در نسل اپنی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام آبادیاتی انجینئرنگ کے ذریعے ہندوتوا بالادستی کے سامنے بہادری سے لڑرہے ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے کھڑا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک پاکستان اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی کا دن دُور نہیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے ان 22 غیور نوجوانوں کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ سامراجی قوتوں کو للکارا اور جام شہادت نوش کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے جاری حق خود ارادیت کی جدوجہد کو پھر سے تروتازہ کردیا، حق خودارادیت کے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربانیوں کا سفر آج تک جاری ہے اور کوئی بھی جبر ان غیور کشمیریوں کے جذبۂ جاں نثاری پر غالب نہیں آسکتا، 13 جولائی 1931 کے شہداء نے جس مقصد کے لیے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی تھی، اْس مقصد کو پورا کرنے تک شہدا کا مشن نامکمل رہے گا، 13 جولائی 1931 کے شہدا کا خون ہمارے اوپر قرض جس کو چکانا ہمارا فرض ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔