نقیب اللہ قتل کیس میں رائو انوار سمیت تمام ملزمان بری

کراچی: نقیب اللہ محسود قتل کیس میں راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔
عدالت نے راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا، بری ہونے والے دیگر ملزمان میں ڈی ایس پی قمر احمد، امان اللہ مروت اور دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ نقیب اللہ محسود اور دیگر کو 13 جنوری 2018 کو مبینہ جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا تھا، پولیس نے مارے جانے والے چاروں افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا تھا۔
نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ نے پولیس کے موقف کو مسترد کردیا تھا اور واقعے کا سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔
متعلقہ کیس میں سابق ایس ایس پی راؤ انوار سمیت 18 ملزمان پر 25 مارچ 2018 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 51 گواہان کے بیان ریکارڈ کیے تھے۔
نقیب اللہ محسود قتل کیس میں راؤ انوار اور سابق ڈی ایس پی قمر احمد ضمانت پر ہیں جب کہ 13 ملزمان جیل میں ہیں۔ کیس میں نامزد سابق ایس ایچ اور امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان مفرور ہیں۔
حتمی دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے 14 جنوری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔