سابق کرکٹر ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق میں کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر لگاسکتا ہوں، ابھی چیف سلیکٹر مقرر کیا ہے، آہستہ آہستہ باقی ممبرز لائیں گے جب کہ ہارون رشید نے مینجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہارون رشید نے میرے ساتھ بہت کام کیا ہے، اس حوالے سے بہت خبریں آرہی تھیں، اس لیے اس کو کلیئر کردیا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ نہیں ہورہی تھی، ایشین کرکٹ کونسل کا 4 فروری کو بحرین میں اجلاس ہوگا، ہم نے اے سی سی کے فیصلوں کو چیلنج بھی کیا تھا، میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں جاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران سے ملاقات ہوئی ہے، افغانستان بورڈ نے تین میچوں کی پیشکش کی تھی، ہم نے افغان بورڈ کو کہا تھا کہ ان میچز کا فائدہ نہیں نہ پوائنٹس ملیں گے، اب طے پایا ہے کہ حکومت کی رضامندی کے بعد سیریز ہوگی اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شارجہ میں ہوگی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ مارک کولز ابھی نمیبیا کے ساتھ مصروف ہیں، وہ بھی جلد ہمیں جوائن کرلیں گے، مئی جون میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دس وائٹ بال میچز کی ہوم سیریز شیڈول کے مطابق ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔