آئمہ بیگ کا شہباز شگری کے ساتھ منگنی ختم کرنے کا اعلان
کراچی: گلوکارہ آئمہ بیگ نے اداکار شہباز شگری کے ساتھ تعلق ختم ہونے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے گردش کرتی افواہوں کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا میں اس شخص کے ساتھ گزارے گئے اچھے لمحات کی وجہ سے اس کا احترام کرتی ہوں، اکثر اوقات ہم سے کچھ غلطیاں ہوجاتی ہیں جن کی وجوہ ہوتی ہیں۔
گلوکارہ نے مداحوں کے لیے لکھا آپ لوگوں کے سوالات کے جواب میں یہی کہوں گی کہ جی ہاں! ہم دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں لیکن ہم دونوں خیریت سے ہیں اس لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، میں اس رشتے کو ایک اچھے طریقے سے ختم کرنا چاہتی تھی جو میں نے کیا۔
اپنی اسٹوری میں آئمہ کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے جذبات کے اظہار کے لیے مختلف ذرائع چُن سکتے ہیں، جو لوگ ہمارے بارے میں سوچ رہے ہیں کہ کیا ہم ساتھ ہیں یا نہیں تو انہیں ایک بار پھر سچائی بتانا چاہوں گی کہ نہیں، ہم ساتھ نہیں۔
آئمہ بیگ نے مزید کہا براہ مہربانی ہمدردی کے لیے اب مزید پیغامات نہ بھیجیں، ہم بالکل ٹھیک ہیں، میوزک زندگی ہے، اب دیکھنا ہے کہ یہ ہمیں کہاں لے جاتا ہے۔
دھیان رہے کہ آئمہ بیگ اور شہباز شگری کی منگنی گزشتہ سال ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ شہباز شگری کی اس سے قبل اداکارہ عائشہ لینیا سے شادی ہوئی تھی لیکن 2018 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔