لکھنؤ میں ایک دن میں ایک ماہ کے برابر بارش، 15 اموات

لکھنؤ: بھارتی شہر لکھنؤ میں موسلا دھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ریاست اُترپردیش کے شہر لکھنؤ میں ایک دن میں اتنی بارش ہوگئی جتنی اوسطاً ایک ماہ میں ہوا کرتی ہے۔ بارش سے مختلف واقعات میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
مسلسل بارش سے ایک گھر کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
اترپردیش کے محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 155 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو لکھنؤ میں اوسطاً ایک ماہ میں ہونے والی بارش کے برابر ہے۔ اس لیے سڑکیں زیر آب آگئیں اور کئی فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
غیر معمولی بارش کے باعث شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکول اور کالج بھی بند ہیں جب کہ کاروبار زندگی معطل ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی ممبئی اور لکھنؤ سمیت اترپردیش کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔