اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 7 ارب ڈوب گئے

کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا زور رہا، جس کی بھاری قیمت سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 7 ارب روپے سے زائد ڈوبنے کی صورت چکانی پڑی۔
معیشت سدھارنے، برآمدات بڑھانے کی منصوبہ بندی نہ ہونے اور روپے کی بدترین تنزلی سے گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کے بادل چھائے رہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی سے ناصرف مایوسی بڑھی بلکہ سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہوئے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی۔
گزشتہ ہفتے 4 سیشنز میں مندی جب کہ ایک سیشن میں ملاجلا رجحان رہا۔ سیلاب سے معیشت پر منفی اثرات کے خدشے سے کاروباری حجم بھی کم رہا۔ مجموعی طور پر مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے مزید 1 کھرب 7 ارب 26 کروڑ 15 لاکھ 34 ہزار 760 روپے ڈوب گئے، جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 68 کھرب 54 ارب 52 کروڑ 81 لاکھ 38 ہزار 914 روپے ہوگیا۔
ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس 268.67 پوائنٹس گھٹ کر 41679.49 پر بند ہوا جب کہ کےایس ای 30 انڈیکس 85.75 پوائنٹس گھٹ کر 15684.87پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 60042 پوائنٹس گھٹ کر 68619.28 پر بند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 259.67 پوائنٹس گھٹ کر 20990.37 پر بند ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔