معروف عالمی شخصیات کی پاکستان کے مختلف مقامات پر اے آئی تصاویر

کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک آئی ٹی ماہر اور مصنوعی ذہانت سے تصاویر بنانے والے ایک فنکار نے دنیا کے مشہور فلمی ستاروں اور کھلاڑیوں کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی بدولت پاکستانی لباس کے ساتھ پاکستانی ماحول میں پیش کیا ہے۔ ان تصاویر کو غیرمعمولی طور پر سراہا گیا ہے۔
ان تصاویر میں سیلینا گومز روایتی شلوار قمیص میں دکھائی دے رہی ہیں تو دوسری جانب شاہ رخ خان شوخ رنگت کا سوٹ پہنے کوئٹہ کی سنگلاخ پہاڑیوں کے ساتھ مسرور دکھائی دے رہے ہیں۔
مشین لرننگ اور مصور کی اپنی فراست کے تحت اب شاندار فن پارے منظرِعام پر آرہے ہیں، جن میں تازہ اضافہ صبور اکرم کا ہے، جنہوں نے مصنوعی ذہانت کی بدولت بہت ہی دلچسپ تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔ ان کی تصاویر پر پاکستان کے علاوہ بھارتی ویب سائٹ نے بھی خبریں لگائی ہیں اور اس کام کو سراہا ہے۔
ایڈوب فوٹوشاپ، مڈجرنی اور پروکری ایٹ سافٹ ویئرز کی مدد سے صبور نے شاہ رخ خان، بابر اعظم، ماہرہ خان، ویرات کوہلی، کِم کرڈیشان، ٹیلرسوئفٹ، کرسٹیانو رونالڈو، سلینا گومز اور میسی وغیرہ کی تصاویر بنائی ہیں۔
کئی فنکار پاکستانی روایتی لباس میں پاکستانی ماحول میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ خواتین پھول دار شلوار قمیص، دوپٹے اور روایتی لباس میں نمایاں ہیں، تاہم شاہ رخ خان کو دیکھ کر آئرن مین کی یاد آتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔