تہجد گزار ہوں، کبھی بھی کسی قسم کا کوئی نشہ نہیں کیا، نمرہ خان

کراچی: اداکارہ نمرہ خان نے کہا ہے کہ وہ تہجد گُزار خاتون ہیں، اُنہوں نے کبھی بھی کسی قسم کا کوئی نشہ نہیں کیا۔
نمرہ خان کو 2014 میں ایک خوفناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا، اس پر اُن سے سوال ہوا کہ کیا آپ نشے کی حالت میں ڈرائیو کررہی تھیں، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی سچائی نہیں، دراصل! میری نیند پوری نہیں تھی جس کی وجہ سے گاڑی چلاتے ہوئے بے ہوش ہوگئی تھی، مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری گاڑی کہاں جارہی ہے اور 180 کی رفتار سے میری گاڑی فوجیوں کی جیپ سے ٹکرائی تھی۔
نمرہ خان نے کہا کہ گاڑی کا اسٹیئرنگ میرے سینے میں گھس گیا تھا جس کی وجہ سے میرا جگر بُری طرح متاثر ہوا تھا جب کہ میرے سر کے اندر شیشہ گُھس گیا تھا جس کی وجہ سے دماغ میں بھی شدید چوٹیں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ میری دائیں ٹانگ پانچ جگہوں سے ٹوٹ چکی تھی اور ٹانگ سے گوشت کا بڑا ٹکڑا بھی الگ ہوگیا تھا جب کہ ڈاکٹرز نے پہلے ہی میرے والدین سے کہہ دیا تھا کہ اگر آپریشن کے دوران، ان کی زندگی بچ بھی گئی تھی تو یہ ہمیشہ کے لیے کوما میں چلی جائیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس دوران، جس نے میری زندگی بچائی وہ صدقہ تھا، میں نے حادثے سے پہلے صدقہ دیا تھا اور اُسی صدقے کی وجہ سے، آج میں زندہ اور بالکل ٹھیک ہوں۔
نمرہ خان نے شراب نوشی سے متعلق زیر گردش خبروں پر کہا کہ جب یہ حادثہ پیش آیا تو میرا شراب نوشی کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا کیونکہ پولیس کو شک تھا کہ شاید نشے کی وجہ سے حادثہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ شراب نوشی کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، الحمدللہ! میں تہجد گزار ہوں، میں نے کبھی نشہ نہیں کیا، شراب نوشی سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
خیال رہے کہ سال 2014 میں نمرہ خان کی گاڑی کو اسلام آباد کے قریب خطرناک حادثہ پیش آیا تھا، جس کے بعد وہ چار دن تک وینٹی لیٹر پر رہیں جب کہ آپریشن کے بعد وہ 19 دن تک کوما میں رہی تھیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔