نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی 16 رکنی نگراں کابینہ کی تشکیل
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 16 رکنی نگراں کابینہ تشکیل دے دی، جو پہلے مرحلے میں حلف اٹھائے گی۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کو نگراں وزیراعظم کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نگراں وفاقی کابینہ میں ذوالفقار چیمہ، گوہر اعجاز، شعیب سڈل اور سرفراز بگٹی کے نام شامل ہیں۔
اسی طرح وزارت توانائی کے لیے محمد علی اور بین الصوبائی رابطہ کی وزارت شاہد آفریدی کو ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نگراں وفاقی کابینہ دو مراحل میں تشکیل دی جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نگراں وزیر خزانہ کے لیے ڈاکٹر وقار مسعود کا نام زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم نے کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی جس کے بعد انہوں نے شہباز دور کے بیشتر افسران عہدوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ جب کہ توقیر شاہ پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ جہاں بہت ضروری ہوگا صرف وہاں تبدیلی کی جائے گی۔