ڈالر کی اونچی اُڑان، ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر براجمان
کراچی: ڈالر کی اُڑان تھمنے میں نہیں آرہی اور یہ مستقل مہنگا ہوتا چلا جارہا ہے، پاکستانی روپیہ اپنی بے وقعتی کی انتہاؤں کو چھورہا ہے، اب ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 5 پیسے مہنگا ہو کر 213 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 50 پیسے مہنگا ہوکر 214 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جون میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 211 روپے 48 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث ملک میں مہنگائی کا بدترین طوفان مسلط ہے، جس کے باعث غریب عوام کے لیے روح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ترین امر بن کر رہ گیا ہے۔
ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان ہے اور 100 انڈیکس 431 پوائنٹس کم ہوکر 41643 پر ٹریڈ کررہا ہے۔