ڈالر کی ڈبل سنچری، وزیراعظم نے مشاورت کیلیے معاشی ماہرین طلب کرلیے
کراچی: پاکستانی روپے کی بدترین گراوٹ تسلسل کے ساتھ جاری ہے جب کہ امریکی ڈالر قومی تاریخ میں پہلی بار ڈبل سنچری پر پہنچ گیا ہے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری روز کے آغاز پر ہی ڈالر ایک روپے 61 پیسے مہنگا ہو کر 200 روپے کا ہو گیا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 201 روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
رواں ہفتے ڈالر 7 روپے 38 پیسے مہنگا ہوا ہے جب کہ نئی حکومت آنے کے بعد سے اب تک انٹربینک میں ڈالر 16.97روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
رواں مالی سال میں ڈالر 42 روپے مہنگا ہوا جس سے پاکستان کے بیرونی قرض کی مالیت 1735 ارب روپے بڑھی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے معاشی ماہرین کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ اجلاس میں آن لائن شرکت کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ حکومت جلد ہی معاشی حالات پر قابو پا لے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر 2 روپے 65 پیسے مہنگا ہو کر 198 روپے 39 پیسے پر بند ہوا تھا۔