چین : پہلی بار کھانے پینے کی اشیا میں کورونا وائرس کا انکشاف
بیجنگ : چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے متعلق اب ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے ماہرین کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی محکمہ کسٹم نے کیکڑے کی ایک ایسی کھیپ پکڑی ہے، جس میں کورونا وائرس موجود ہے، واقعے کے بعد ایکواڈور سے کیکڑے کی درآمد معطل کردی گئی۔
ایکواڈور کی تین کمپنیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی کیکڑوں کی کھیپ میں کوروناوائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی کسٹم اتھارٹی نے واضح کیا کہ حالیہ ترسیل میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد ایکواڈور کی تینوں کیکڑے فراہم کرنے والی کمپنیوں سے درآمد معطل کررہی ہے۔
ماہرین کے مطابق خدشہ ہے کہ اس طرح کی مزید اشیا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتی ہِیں۔