شہباز شریف مافیاز کا حصہ اور مافیاز کو ان کی آشیرواد حاصل ہے، شہباز گل

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف مافیاز کا حصہ اور مافیاز کو آپ کی آشیرواد حاصل ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی طرف سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات کروانا اور تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے رکھنا جگر والوں کا خاصہ ہے۔ یہ حوصلہ اور جگر صرف عمران خان کے پاس ہے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے مافیاز کو انجام تک پہنچانے کا عزم کیا ہوا ہے، یہ ظرف اور حوصلہ آپ میں نہ کبھی تھا نہ ہوگا۔ مافیاز کا آپ حصہ ہیں اور مافیاز کو آپ کی آشیرواد حاصل ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مافیاز پر ہاتھ ڈالنے سے آپ کا شور مچانا سمجھ آرہا ہے۔ مافیاز کے لیے آپ کا تڑپنا دیکھ کر واضح ہے کہ دال نہیں پوری دیگ کالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹویٹر کے ممبر سے اتر کر عوام کو اپنے کرپشن کے کیسز کی تفصیلات دیں، لگے ہاتھوں پلیٹ لیٹس کی تازہ ترین تعداد بھی بتادیں۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مافیاز جبکہ مافیاز حکومت کی مدد سے چل رہی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔