کورونا کے گہرے سائے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت میں منعقد ہوسکے گا؟

نئی دہلی: بھارت میں بڑھتے کورونا کیسز کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد تاحال بے یقینی صورت حال سے دوچار ہے، بی سی سی آئی نے مزید وقت مانگ لیا۔
بھارت میں رواں برس کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونا ہے، تاہم کورونا وبا کی وجہ سے اس پر شکوک و شبہات کے سائے منڈلارہے ہیں بلکہ مزید گہرے ہوتے جارہے ہیں۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ بھارت میں ہوگا یا کہیں اور اس کا انعقاد کیا جائے، فیصلہ تاحال نہ ہوسکا، بی سی سی آئی نے ٹی 20ورلڈکپ سے متعلق فیصلے کے لیے آئی سی سی سے مزید وقت مانگ لیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ جون میں کیا جائے گا، خیال رہے کہ رواں سال ٹی 20 ورلڈکپ بھارت میں شیڈول ہے۔
کھیلوں کے تجزیہ کار اور تجربہ کار صحافی آدیش گپت کہتے ہیں کہ بھارت ایک طرف جہاں آئی پی ایل میں وبا سے تحفظ کے لیے، بائیو سیکیور ببل کے انتظام میں بری طرح ناکام رہا، وہیں ماہرین ایک تیسری کورونا لہر کے بارے میں بھی خبردار کررہے ہیں، تو اس صورت میں ٹی20 ورلڈکپ کا بھارت میں ہونا بہت مشکل ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا پہلے ہی اپنے ملک میں ایونٹ کے انعقاد کو مشکل قرار دے چکا۔ قبل ازیں سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی نے یو اے ای کو میزبانی کے لیے بہترین آپشن قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تو زیادہ ٹیمیں ہوں گی جب کہ بھارتی لیگ میں آٹھ ٹیمیں تھیں، میچز مختلف بھارتی شہروں میں ہوں گے تو کورونا کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بھارت میں انعقاد سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کو ورلڈکپ کی میزبانی ملنے کا قوی امکان ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔