ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان، سیکیورٹی پلان تیار

کراچی: کالی آندھی کے نام سے معروف ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کے دورے پر آنے والی ہے، اس کے دورۂ پاکستان کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 13 دسمبر سے ہوگا اور تمام مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق دورے کا سیکیورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تیار کیا گیا، اجلاس میں پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈی آئی جی مقصود احمد کا بتانا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچز کے دوران 800 ایس ایس یو کمانڈوز سمیت 1500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے، ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے اور اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود رہے گی۔
مقصود احمد کے مطابق تماشائیوں کے لیے پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلے گی، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔