لٹیروں نے چھینی گئی گھڑی ریپلکا ثابت ہونے پر واپس کردی

نیپلز: سوئٹزرلینڈ کے ایک سیاح کے ساتھ اٹلی میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں پہلے ڈاکوؤں نے اس کی گھڑی چھینی اور کچھ دیر بعد ریپلکا ہونے پر واپس کردی۔
اطالوی شہر نیپلز میں پیازا ٹرائسٹے ای ٹرینٹو کے معروف علاقے میں گزشتہ دنوں سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک اہم واقعہ ریکارڈ ہوا جس میں سوئٹزرلینڈ کے ایک سیاح سے گن پوائنٹ پران کی گھڑی چھینی گئی۔ اس کے سات منٹ بعد ایک اور شخص کیفے میں داخل ہوا اور معذرت کرتے ہوئے گھڑی اس کے مالک کو واپس کردی۔
ٹی شرٹ اور شارٹس میں ملبوس ایک شخص نے سیاح پر پستول تانی اور کلائی پر پہنی گھڑی تیزی سے اتارکر رفوچکر ہوگیا۔ اس کی وجہ یہ سامنے آئی کہ یہ انتہائی قیمتی برانڈ ’رچرڈ ملی‘ کی نقل تھی، جس پر اصل کا گمان تھا اور یہی وجہ ہے کہ پہلے ڈاکو نے اسے چھینا اور بعد میں واپس کردیا۔
گھڑی لوٹانے والے شخص نے دو مرتبہ سیاح کو سوری کہا جس کا مقصد یہ ہوسکتا ہے کہ وہ پولیس میں رپورٹ نہ کرے۔ تاہم اصل گھڑی کی قیمت تین لاکھ یورو بتائی جارہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ علاقہ کچھ عرصے سے مجرمانہ سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے جب کہ پولیس ان کی سرکوبی میں مصروف ہے۔
نیپلز میں منتظمین کی جانب سے کہا گیا کہ جرائم پیشہ گروہ رات کے وقت زیادہ سرگرم ہوتے ہیں، اس لیے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کا حکم دیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ 13 اور 14 برس کے بچے بھی پستول تھامے واردات کررہے ہیں۔ اس سے پیازا کی اطراف کا علاقہ شدید متاثر ہوا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔