شعبہ صحت میں سندھ حکومت کی کارکردگی شاندار، پورا ملک استفادہ کررہا ہے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ الزام دیا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی، صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے، صحت کی سہولتوں سے سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام استفادہ کررہے ہیں، وہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ بار بار سازش کے تحت کہا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی، الزام لگتا ہے کہ ہم صرف سندھ کی بات کرتے ہیں، لیکن گمبٹ اور این آئی سی وی ڈی پورے ملک کی خدمت کررہے ہیں، بلاتفریق ہم نے سب کا مفت علاج کیا اور آئندہ بھی کریں گے، ہم جو کرتے ہیں اس پر بات کرنا چاہتے ہیں، لیکن جواب یہ نہ آئے کہ تم چور ہو، جواب یہ آئے کہ ہم یہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر کے مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے، ضرورت کے پیش نظر این آئی سی وی ڈی حیدرآباد، مٹھی، سیہون، لاڑکانہ، گھوٹکی اور ٹنڈوالٰہ یار و دیگر شہروں میں بھی بنایا گیا، اب ان دوردراز علاقوں کے مریضوں کو کراچی آنا نہیں پڑتا، وہ اپنے علاقوں میں ہی مفت اور بہترین علاج کی سہولت حاصل کرلیتے ہیں، این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر سے 58 لاکھ 56 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج کیا گیا ہے، ان تمام مریضوں کا علاج سندھ کے پیسے سے ہوا۔
انہوں نے کہا گمبٹ میں ہم وفاق اور انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، پاکستان کا پہلا ادارہ گمبٹ اسپتال ہے جو جگر گردے کی پیوندکاری کا کام کرتا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فرشتے حکومت کررہے ہیں، شوکت خانم اسپتال میں مفت علاج نہیں ہوتا، کراچی کے جناح اسپتال کے سائبرنائف وارڈ میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے، 135 شہروں کے مریض کراچی اپنا علاج کروانے آتے ہیں، 13 ہزار 75 مریضوں کا سائبرنائف کے ذریعے مفت علاج کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں آپتھومالوجی اسپتال میں شہریوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ آنکھوں کا ہسپتال ہے، آپ جاکر دیکھ سکتے ہیں، آپتھومالوجی آنکھوں کے اسپتال کے لیے 37 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی۔ ٹراما سینٹر کےلیے دو ارب روہے رکھے گئے، ایس آئی یوٹی انسانیت کی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں، ایس آئی یوٹی کےلیے سندھ حکومت نے 6 ارب روپے کی گرانٹ دی، اس سال ایس آئی یوٹی کی گرانٹ میں ایک ارب کا اضافہ کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کا مقدمہ لڑتی ہے، مردم شماری پر پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے تحفظات کا بھرپور اظہار کیا۔ چینی آٹا اسکینڈلز بنائے گئے، کیا آپ نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کا وعدہ پورا کیا؟ ملازمتیں دینے کا وعدہ پورا کیا؟ جواب ہے نہیں۔
انہوں نے کہا کراچی معیشت کا 70 فیصد ریونیو دیتا ہے، لیکن پی ٹی آئی حکومت کراچی کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، بحریہ ٹاؤن کو ریگولائز سپریم کورٹ نے کیا، بنی گالا کو سپریم کورٹ نے ریگولائزڈ کیا، سندھ حکومت نے نہیں کیا، حقائق جانیں گے تو چیزوں کی اصلیت کا پتا چل جائیگا، سارے الزمات سندھ حکومت پر لگتے ہیں مگر تھوڑا سوچنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا آج دس سال بعد کہا گیا کہ کمرشلائزیشن غلط ہوئی اسلام آباد کی زرعی زمین پر بلندوبالا عمارتیں بن رہی ہیں۔ اسلام آباد کی زرعی زمینوں پر عمارتوں سے متعلق کوئی سوال نہیں کرتا؟
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے پہلے بھی بات کی اب بھی کریں گے مگر جب ملک کے خلاف نعرے بازی ہو اور املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو قانونی کارروائی ہوگی۔ احتجاج سب کا حق ہے مگر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، ناانصافی کسی کے ساتھ نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی افہام و تفہیم پر اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتی ہے۔ بحریہ ٹاؤن کے پیسے جو سپریم کورٹ نے کہے ابھی تک سندھ حکومت کو نہیں ملے، جو سندھ کے عوام کا پیسہ ہے اور وہ پیسے سندھ کا حق ہے، سندھ کو ملنے چاہئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔