پہلے مرغی آئی یا انڈا؟ سائنسدان جواب ڈھونڈنے میں کامیاب
کراچی: لوگ اکثر سوال دہراتے پائے جاتے ہیں کہ انڈا پہلے آیا یا مرغی؟، اس حوالے سے مباحث بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔
اس کا تاحال حتمی اور ٹھوس جواب تو سامنے نہیں آیا مگر اب سائنس دانوں نے اس معمے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جی ہاں، واقعی جنیوا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ پہلے انڈا آیا تھا اور اس کے بعد مرغیوں کی آمد ہوئی۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ زمین پر زندگی کی پہلی شکل ایک خلیے پر مشتمل تھی اور وقت کے ساتھ ارتقائی مراحل سے گزر کر خلیاتی نظام پیچیدہ ہوتا گیا۔
مگر یہ عمل کیسے آگے بڑھا اسے اب تک زیادہ اچھی طرح سمجھا نہیں جاسکا۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق میں Chromosphaera perkinsii نامی ایک خلیے پر مشتمل جانداروں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان جانداروں کو 2017 میں سمندری تلچھٹ میں دریافت کیا گیا تھا اور تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ کس طرح ایک خلیہ متعدد خلیات کی شکل میں تبدیل ہوا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ جب ان جانداروں کا حجم زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچ جاتا ہے تو مزید بڑھے بغیر تقسیم ہوجاتے ہیں جس سے متعدد خلیات پر مبنی تھری ڈی اسٹرکچر بنتا ہے جو جانوروں کی ابتدائی مرحلے کی جنینی نشوونما جیسا ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ جنینی نشوونما جانوروں کے ارتقاء سے پہلے ہوتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ مرغی سے پہلے انڈا دنیا میں آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حیران کن ہے کہ ایک جاندار نے ہمیں وقت میں ایک ارب سال پیچھے جانے کا موقع فراہم کیا۔
اس سے پہلے ماہرین کا ماننا تھا کہ بہت پرانے زمانے میں مرغی نام کا پرندہ تو موجود نہیں تھا مگر اس سے ملتا جلتا ایک پرندہ ضرور تھا جو جینیاتی طور پر تو مرغی کے قریب تھا مگر مکمل طور پر مرغی نہیں تھا۔
اس پرندے کو پروٹو چکن کا نام دیا گیا ہے۔
تو پروٹو چکن نے ایک بار انڈا دیا جس میں ایسی جینیاتی تبدیلی ہوئی تھی جس سے پیدا ہونے والا چوزا اپنے والدین سے مختلف ہوگیا۔
یعنی وہ انڈا اتنا مختلف تھا کہ اس سے ایک نئی نسل یعنی مرغیوں کا آغاز ہوا۔
تو پہلے انڈا آیا یا مرغی تو اس کا جواب یہ ہے کہ انڈا پہلے آیا اور پھر مرغی۔