افغانستان کیخلاف سیریز کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، شاداب کپتان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے سیریز کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔ کپتان بابراعظم قومی ٹیم میں شامل نہیں، ان کی جگہ قیادت شاداب خان کریں گے۔
اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)،عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، افتخار احمد، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر، زمان خان، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے جنہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا، 3 میچز پر مشتمل سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے، ہم نے ورلڈکپ کی تیاری کرنی ہے، ہمارے کچھ سینئر کھلاڑی 2 سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ 4 سے 5 لوگوں کو افغانستان سیریز میں آرام دے رہے ہیں، بابراعظم، فخر زمان، شاہین، حارث رؤف اور محمد رضوان کو آرام دے رہے ہیں، زیادہ کرکٹ کھیلنے کے بعد پلیئرز کو آرام کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہدایت کی، جب تک افغانستان سے کنٹریکٹ سائن نہیں ہوجاتا، کچھ بھی کہنا قبل ازوقت تھا، افغانستان نے سیریز کے لیے رابطہ کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔