خاتون جج دھمکی کیس: عمران کی گرفتاری کیلیے اسلام آباد پولیس لاہور پہنچ گئی

لاہور: اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کرنے پھر لاہور پہنچ گئی۔ خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں پی ٹی آئی سربراہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عدالتی حکم پر گرفتاری ہوگی جب کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی اضافی نفری درکار ہے۔
اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور عدالت نے 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں لاہور میں ریلی نکالی جارہی ہے، جس میں عمران خان بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایک کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، پولیس عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچی تھی، لیکن کارکنان کی مزاحمت کے باعث گرفتاری ممکن نہ ہوسکی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔