امریکی شہری کا مدد کا انوکھا انداز، شاہراہ پر دو لاکھ ڈالر اُڑا ڈالے
اوریگون: امریکا کے ایک شہری نے لوگوں کی مدد کے لیے انوکھا انداز اختیار کرتے ہوئے تیز رفتار شاہراہ پر دو لاکھ ڈالر بکھیر دیے، تاہم پولیس نے اس عمل کو خطرناک قرار دیا ہے۔
اس واقعے کے بعد مصروف ترین شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور لوگ سڑک پر بکھرے ہوئے ڈالر جمع کرنے میں مصروف ہوگئے۔
اوریگن اسٹیٹ پولیس کے مطابق کولن ڈیوس مِک کارتھی نے انٹراسٹیٹ 5 پر یوجین کے علاقے کے پاس 192 میل کے نشان پر یہ رقم گاڑی کی کھڑکی سے باہر اُڑائی تھی۔
اگرچہ یہ ایک خطرناک عمل تھا، لیکن کولِن پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ اس پر شاہراہ کے ٹریفک بہاؤ میں مداخلت اور لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کا جرم عائد کیا جاسکتا تھا۔ پولیس کے استفسار پر اس نے بتایا کہ یہ خطیر رقم اس کے اپنے اکاؤنٹ کی ہے اور وہ لوگوں کی مدد کرنا چاہتا تھا۔
پولیس نے کولن کو سمجھایا کہ اس طرح تیزرفتار شاہراہ پر رقم پھینکنے سے جان لیوا حادثات ہوسکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے مزید رقم نہ اڑانے کا ارادہ کیا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے عوام سے کہا وہ ہائی وے پر رقم نہ تلاش کریں کیونکہ یہ ایک خطرناک عمل ہے۔
تاہم پولیس نے بھی رقم تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں ایک ڈالر بھی نہ مل سکا۔