جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد پڑوسی ملک سے حملے کررہے ہیں، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میں جدید ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں اور ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سیکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں دستیاب جدید ہتھیاروں پر تشویش ہے، افغانستان میں یہ جدید ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں اور ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سیکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد امن کی سرحد ہونی چاہیے، اگر پاکستان کی طرف سے سرحد بندکی گئی ہے تو اس کی وجہ سیکیورٹی کی سنگین صورت حال ہے، ہم افغان حکومت سے اس متعلق مذاکرات کررہے ہیں، پاک افغان بارڈر پر حالیہ واقعہ سے متعلق عبوری افغان حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
چترال حملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چترال کی صورت حال پر افغان حکام سے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے، اس صورت حال پرہوم ڈپارٹمنٹ اور متعلقہ ادارے تفصیل دے سکتے ہیں۔
پاک روس تعلقات پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اہم تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ بھی ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت پاکستان کے بارے میں تبصروں کی بجائے اپنے چیلنجز پر توجہ دے۔
خیال رہے کہ 6 ستمبر کی رات چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے 2 فوجی چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 12 دہشت گرد ہلاک جب کہ بڑی تعداد میں شدید زخمی بھی ہوئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔