اپنی صفوں کو دراندازوں سے صاف کریں: امیر طالبان کی ہدایت

کابل: طالبان کے امیر ملا ہبۃ اللہ اخوندزادہ نے اپنے ایک تحریری بیان میں سینئر کمانڈرز کو خبردار کیا ہے کہ تحریک کو دراندازوں سے خطرہ درپیش ہے، اس لیے تنظیم کو ایسے لوگوں سے پاک کیا جائے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے روحانی پیشوا اور سپریم کمانڈر ملا ہبۃ اللہ نے ایک تحریری پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے تحریک کے سینئر کمانڈرز کو خبردار کیا کہ تنظیم کو دراندازوں سے خطرہ ہے۔
امیر طالبان نے سینئر کمانڈرز کو چوکنا رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اپنی صفوں میں موجود حکومت مخالف کام کرنے والوں کو شناخت کرکے اپنی صفوں کو صاف کریں اور بہت احتیاط برتیں۔
امیر طالبان ملا ہبۃ اللہ نے یونٹ کمانڈرز کو اپنے ماتحت ریکروٹس کے ساتھ بیٹھنے اور کچھ وقت بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کچھ بھی غلط یا کوتاہی ہوئی تو دنیا اور آخرت میں اس کی تمام ذمے داری سینئرز کمانڈرز پر ہوگی۔
طالبان کے افغانستان میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے یہ امیر ملا ہبۃ اللہ پہلا تحریری بیان ہے جو منظرعام پر آیا ہے جب کہ اس سے قبل ایک آڈیو بھی جاری کی گئی تھی، تاہم ابھی تک امیر طالبان کی تصویر یا ویڈیو سامنے نہیں آئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔