سیاحت کے فروغ کیلیے بڑا قدم، سوات ایئرپورٹ 17 سال بعد بحال

سوات: سیاحت کے فروع کی خاطر حکومت نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے سوات ایئرپورٹ کو 17 سال بعد کمرشل آپریشن کے لیے بحال کردیا۔
17 سال کے طویل عرصے بعد سوات ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ پی آئی اے کی پرواز PK 650 مقررہ وقت پر 10 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوئی اور 11 بجے سیدو شریف سوات پہنچ گئی۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ، وزیر ہوا بازی اور وزیر مواصلات بھی جہاز پر سوار ہوئے۔ تمام افراد نے قطار میں لگ کر بورڈنگ کارڈ حاصل کیے۔
ایئرپورٹ پر پرواز سے قبل کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے معزز مہمانوں کو گل دستے اور تحائف پیش کیے۔ سوات ایئرپورٹ پر فلائٹ سے آنے والے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لیے ہفتے میں دو دن پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سوات کی فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنے والی پروازوں کے ساتھ کنیکٹ ہوں گی۔
وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ 17 سال بعد سوات کے لیے پی آئی اے کی پروازیں شروع کررہے ہیں، مالی مشکلات اور دہشت گردی کی وجہ سے پچھلے ادوار میں یہ پروازیں بند تھیں، سوات اور مالاکنڈ کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ بڑی جواں مردی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پی آئی اے کی سوات کے لیے پروازیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے میں دو پروازیں لاہور اور اسلام آباد سے سوات تک شروع کردی گئی ہیں، جن میں اضافہ کیا جائے گا، پی آئی اے کی پروازوں سے ناصرف قومی ایئرلائن کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ سوات میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا، ان پروازوں سے سوات کے علاقے میں مزید ترقی دیکھنے کو ملے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔