سوڈان کے معزول وزیراعظم کی نظر بندی کا خاتمہ

خرطوم: سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد معزول کیے گئے وزیراعظم عبداللہ ہمدوک کی نظربندی ختم کردی گئی، جس کے بعد وہ گھر واپس آگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ ہمدوک کے دفتر کی جانب سے ان کی گھر واپسی کی تصدیق کی گئی ہے، انہیں ملک میں فوجی بغاوت کے بعد نامعلوم مقام پر نظربند کیا گیا تھا اور کابینہ کے متعدد اراکین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ ہمدوک اور ان کی اہلیہ کی رہائی عالمی سطح پر فوجی بغاوت کی مذمت کے بعد منگل کے روز عمل میں آئی۔
سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد امریکا اور یورپ نے امداد بند کرنے کی دھمکی دی تھی جب کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی عبداللہ ہمدوک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
عبداللہ ہمدوک کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معزول وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو رہائی کے بعد خرطوم میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے، تاہم فوجی بغاوت کے بعد گرفتار کابینہ اراکین نامعلوم مقام پر ہی حراست میں ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔