اسٹیو جابز کی چپلیں 2 لاکھ ڈالر میں نیلام

کیلیفورنیا: سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق معروف کمپنی ایپل کے شریک بانی اسٹیوجابز کی چپلیں 2 لاکھ 18 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی ہیں، جن کی قیمت پاکستانی روپوں میں 4 کروڑ 40 لاکھ کے برابر ہے۔
اسٹیوجابز نے انہیں اتنی مرتبہ پہنا تھا کہ گویا قدموں کے نشان سینڈل پر چھپ چکے ہیں۔ کیلیفورنیا کے ایک نیلام گھر جولین آکشن نے اسے بطور نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) فروخت کیا ہے، جس پر ایک نامعلوم شخص نے 2 لاکھ 18 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔
نیلام گھر کا کہنا ہے کہ 1970 اور 80 کی دہائی میں اکثر مرتبہ یہ چپلیں اسٹیو جابز کے پیروں میں دیکھی جاسکتی تھیں۔ کارک اور پٹ سن سے بنی یہ چپلیں برسوں کے استعمال کے بعد گھس چکی ہیں اور ان پر انگلیوں اور ایڑھیوں کے دباؤ سے گڑھے بن چکے، جنہیں برکن اسٹاک سینڈل بھی کہا جاتا ہے۔
2011 میں وفات پاجانے والے اسٹیو جابز نے ایک دوست کے ساتھ مل کر ایپل کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور ان کی محنت اور ذہانت سے آئی فون اور دیگر مصنوعات آج دنیا کے کروڑوں صارفین استعمال کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔