ایس ایس پی عرفان بہادر۔۔۔ فرض شناسی کی روشن مثال

ڈاکٹر عمیر ہارون

ایس ایس پی عرفان بہادر ایک فرض شناس پولیس افسر ہیں، بے داغ اور اُجلا کردار اُن کا خاصہ رہا ہے، اُنہیں دیانت داری اور ایمان داری کی روشن مثال قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اُن کا مطمع نظر ہمیشہ جرائم کا خاتمہ اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنا رہا ہے اور اس حوالے سے اُن کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ جرائم کے قلع قمع کے لیے اُن کی کارکردگی ہر لحاظ سے سراہے جانے کے قابل ہے۔ مجرموں کے لیے انہیں خوف کی علامت کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کئی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عرفان بہادر نے ایس ایس پی ملیر کی حیثیت سے اس ضلع کے عوام کے لیے بیش بہا خدمات انجام دیں۔ اس کے لیے دن رات کوشاں رہے۔ انہوں نے ضلع میں اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر سنگین مقدمات کو انتہائی قلیل وقت میں حل کرکے اچھی روایت ڈالی۔
اُن کے کیریئر کا غیر جانب داری سے تجزیہ کیا جائے تو وہ نئے آنے والوں کے لیے عمدہ اور روشن نظیر دکھائی دیتا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کی حیثیت سے عرفان بہادر کی تعیناتی ملیر میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے سوہان روح ثابت ہوئی تھی، کئی خطرناک ملزمان قانون کی گرفت میں آئے۔ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ لوگوں کو لگام ڈالی اور اُن کے خلاف بڑی کارروائیاں عمل میں لائے۔
اس میں شبہ نہیں کہ عرفان بہادر جیسے افسر کراچی پولیس کے ماتھے کا جھومر کہلاتے ہیں جو اپنے ڈپارٹمنٹ کے لیے قابل فخر ہیں، انہیں اس محکمے کا اثاثہ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ گزشتہ روز ضلع ملیر کے ایس ایس پی عرفان علی بہادر کا تبادلہ سینٹرل پولیس آفس کردیا گیا۔ محکمہ پولیس میں تقرری و تبادلے معمول کی بات ہیں، ان شاء اللہ آگے جہاں بھی جائیں گے، وہاں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی دیوار ثابت ہوں گے۔
بلاشبہ ایس ایس پی عرفان بہادر اپنے نام کی طرح نڈر اور بہادر افسر ہیں، ایسے افسران ہمیشہ پولیس کا امیج بہتر کرنے اور عزت و احترام میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ یہ امر یقینی طور پر باعث افسوس ہی کہلائے گا کہ ایسے افسران جو صرف اپنی اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر اپنا مقام و مرتبہ بناتے ہیں، انہیں اچانک ہٹادیا جائے، یہ اقدام بڑی ناانصافی کے زمرے میں آتا ہے۔
محکمہ پولیس میں عرفان بہادر ایسے افسروں کی شدید کمی ہے، ان کی دل شکنی کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی نظیریں سامنے آنی چاہئیں۔ عرفان بہادر محنتی افسر ہیں، وہ آگے بھی غریب عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت اُٹھا نہیں رکھیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔