افواج پاکستان کیلیے 15 فیصد اسپیشل الاؤنس: کالعدم تنظیم پر پابندی میرٹ پر لگائی، فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی میرٹ پر لگائی تھی، تمام حقائق اور شواہد کی روشنی میں وفاق نے کالعدم جماعت پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد آج پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کالعدم جماعت کے خلاف جو کارروائی کی گئی وہ میرٹ پر کی گئی تھی۔ کالعدم جماعت کے کارکنوں نے پولیس اہل کاروں کو شہید کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ تمام شواہد اور ثبوت کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے بھی کالعدم تحریک لبیک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے اس جماعت کے انتخابی نشان سے متعلق بھی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر اداروں کے ذریعے کالعدم جماعت کا انتخابی نشان منسوخ کرائیں گے۔ کالعدم جماعت کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افواج پاکستان کے لیے 15 فیصد اسپیشل الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی ہے جب کہ ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں بھی افواج پاکستان کی طرح اس سال اضافے کی منطوری کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں اضافے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سال سے افواج پاکستان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا۔ گزشتہ 2 سال کے دوران سول ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا۔ سول ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے سبب افواج کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہوسکا، تاہم سول اور افواج کا الاؤنس برابر کرنے کے لیے فوج کو 15 فیصد الاؤنس دیا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج اجلاس میں کابینہ کو اہم شخصیات کی سیکیورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیرِاعظم نے آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکیورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اپوزیشن اور سابق بیوروکریٹس کے پاس زیادہ سیکیورٹی ہے۔ سابق بیوروکریٹس سے سیکیورٹی واپس لی جارہی ہے۔ سابق وزرائے اعظم، ججز اور وزرائے اعلیٰ سے بھی سیکیورٹی واپس لینے پر بات چیت ہوئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔