پی ٹی آئی ارکان اسپیکر سے ملنے نہ آسکے، استعفوں کی تصدیق نہ ہوسکی
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر آج ملاقات کے لیے نہیں آئے اور انہوں نے اب کل ملاقات کا کہا ہے۔
راجا پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری اور بھلائی کے لیے تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کریں، سیاست سب کا حق ہے مگر عوام کا مفاد سب سے اہم ہے، لہٰذا عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے گزشتہ روز مجھ سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا، میں نے آج اسمبلی آفس میں پہنچ کر خود عامر ڈوگر سے رابطہ کیا، میں نے بتایا کہ میں اسپیکر آفس پہنچ گیا ہوں، ملاقات کے لیے آجائیں، اس پر پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے کل ملاقات کا کہا ہے۔
راجا پرویز نے کہا کہ عامرڈوگر نے بتایا پی ٹی آئی کے چند لوگ استعفے کے معاملے پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں، میں نے کہا کہ جتھے کی صورت ملاقات نہیں ہوگی، رولز کے مطابق سب ارکان سے الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفے اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں ہیں جب کہ قواعد کے مطابق ہر رکن کو اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا لازم ہے، کچھ ارکان نے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی، جن ارکان نے مجھ سے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی، ان کا نام اور تعداد نہیں بتاسکتا۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میں عجلت میں پی ٹی آئی کے استعفے منظور نہیں کروں گا، استعفے قواعد وضوابط کے مطابق منظور ہوں گے، میں سب کا اسپیکر ہوں، کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں، ملکی مسائل کا واحد حل پارلیمنٹ کا فورم ہے اور پی ٹی آئی کو کہوں گا پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں، اس جماعت میں بھی سنجیدہ پارلیمنٹرین موجود ہیں جو میری بات پر غور کریں گے۔
اسپیکر راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ کورم پورا کرنا اسپیکر کا کام نہیں، پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتیں کورم کا مسئلہ حل کریں، تمام ارکان پر فرض ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔